Monday 12 December 2016

محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم

وہ تیئیس سال کے مختصر عرصہ میں دنیا کو تبدیل کردینے والا
وہ فقر کو اختیار کرکے فقیروں کو غنی کرنے والا
وہ راتوں کو اُٹھ کر میرے اور آپ کیلیئے رونے والا
وہ سینکڑوں سال پہلے ہماری بخشش کیلیئے خدا سے گھنٹوں دعائیں مانگنے والا
وہ نماز میں کھڑے کھڑے پاؤں سُجا لینے والا
وہ ہنس کر روشنیاں بکھیرنے والا
وہ رو کر غم کو اپنے سینے میں سما لینے والا
وہ امت کے غم میں ہلکان ہوجانے والا
وہ چڑیا کے بچوں کو دیکھ کر بےقرار ہونے والا
وہ آنکھوں سے انسان کو مسحور کردینے والا
وہ امام الانبیاء
وہ خاتم الرسل
وہ دنیا کا سب سے بڑا لیڈر
وہ دنیا کا سب سے عظیم استاد
وہ دنیا کا کامیاب ترین حکمران
وہ دنیا کا زیرک ترین سیاستدان
وہ بے مثال شوہر
وہ باکمال باپ
وہ قابل فخر نانا
وہ پیرِ کامل
وہ جس کی محبت مری رگ رگ میں شامل
وہ چلے تو فاصلے سمٹ کر معراج بن جائیں
وہ رکے تو زمانہ سانس لینا بھول جائے
وہ قدرت پا لینے کے بعد غلاف کعبہ پکڑ کر جانی دشمنوں کو معاف کرنے والا
وہ پتھر کھا کھا کر دعائیں دینے والا
وہ بادشاہ ہو کر بھی عامی کی زندگی گزارنے والا
وہ قاسم ہو کر بھی پیٹ پر پتھر باندھنے والا
وہ چاند کے دو ٹکڑے کرنے والا
وہ ٹوٹے دلوں کو جوڑنے والا
وہ یتیموں کے سر پر ہاتھ رکھنے والا
وہ بن ماں باپ کے بچے کو اپنا بچہ بنا لینے والا
وہ دشمنوں کو زیر کرنے والا
وہ پیار کرنے والا
وہ شافع میرا آخری سہارا
وہ میری آخری امید
میری منزل
میرا پیار
میری جان، میرا مال، میرا لہو، میرے ماں باپ، میری زندگی اس پر قربان
وہ جس کی تعریف ممکن نہیں
وہ جس کی توصیف کی ہمت نہیں
میرا نبی
میرا فخر
سرور کونین
وجہِ کائنات
محمد مصطفیٰ
صلی اللہ علیہ وسلم
لا یمکن الثناء کما کان حقہ
بعد از خدا بزرگ توئی قصہ مختصر

No comments:

Post a Comment